
کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نوازشریف 5 سال مسلسل 18 ویں ترمیم پر حملہ کرتے رہے ہیں۔کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملک میں اگر کسی نے خدمت کی ہے تو وہ صرف پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت ہے،پیپلز پارٹی پاکستان کی واحد جماعت ہے جو ملک کو درپیش مسائل حل کرسکتی ہے۔ پیپلز پارٹی ہی دہشت گردی کو ختم اور خارجہ پالیسی کو چلا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام مسائل کا حل چاہتے ہیں لیکن نام نہاد سیاسی جماعتیں دھرنوں اور مجھے کیوں نکالا کی سیاست کررہے ہیں، عوام کو مجھے کیوں نکالا سیغرض نہیں ہے، (ن) لیگ نے اپنے پورے دور اقتدار میں این ایف سی ایوارڈ نہیں دیا، سارے پیسے پروپیگنڈے اور اشتہارات پر خرچ کردیئے اور نوازشریف مسلسل 5 سال 18 ویں ترمیم پر حملے کرتے رہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ سندھ میں کافی مسائل ہیں ، ان میں کچھ حل کئے گئے ہیں اور دیگر پر کام جاری ہے، شہباز شریف نے پنجاب میں دس سال حکومت کی اور ایک نامکمل اسپتال کاافتتاح کیا، اس کے برعکس پیپلز پارٹی غریبوں کو بلا سود قرضے دے رہی ہے، کراچی میں جنوبی ایشیا کے سب سے بڑے دل کے اسپتال میں بالکل مفت علاج فراہم کیا جارہا ہے، سندھ واحد صوبہ ہے جہاں کینسر کے علاج کے لئے سائبر نائف ٹیکنالوجی استعمال کی جارہی ہے، ہم شوبازی نہیں کام کرتے، میں 2018 کا الیکشن جیت کر پورے پاکستان میں صحت کا مفت نظام چاہتاہوں۔